غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر فرانس اور جرمنی کی بھی بس ہوگئی، اسرائیل کو خبردارکردیا

غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی پر فرانس اور جرمنی کی بھی بس ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیل کو خبردار کر کرتے ہوئے کہا کہ اگر چند گھنٹوں اور دنوں میں غزہ میں انسانی امدادی صورت حال بہتر نہ ہوئی تو فرانس، اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔

دوسری جانب جرمنی نے بھی اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی غزہ کی صورت حال سے مشروط کرنے کا اشارہ دے دیا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہر 20  منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔

 اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی امور کے مطابق  غزہ دنیا میں واحد علاقہ ہے جہاں کی 100 فیصد آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔

 اسرائیلی حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہیدجبکہ گزشتہ 24  گھنٹوں  کے دوران  شہدا کی تعداد72ہو گئی ہے۔ 

مزید برآں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے رفح میں اسرائیلی فوج پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔