رولس رائس کا چھوٹا ماڈل، بڑی کاروں سے بھی زیادہ مہنگا

 رولس رائس دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں شمار ہوتی ہے لیکن اسی کمپنی کی ایما پر اصل کار سے آٹھ گنا چھوٹا ماڈل بھی کسی طرح کم نہیں اور اس کی قیمت 27 ہزار ڈالر یعنی 40 لاکھ روپے سے بھی زائد ہے۔

واضح رہے کہ یہ ماڈل انتہائی خوبصورت اور باریکی سے بنایا گیا ہے جس میں کار کے چھوٹے بڑے حصوں کو بطورِ خاص تیار کرکے اسے ہوبہو حقیقی رولس رائس جیسا بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اصل کار کی قیمت 330,000 ڈالر ہے اور کمپنی نے اس کے مداحوں کے لئے یہ ماڈل بنایا ہے۔

رولس رائس کا مختصر ماڈل چھوٹے بڑے 1000 انفرادی حصوں اور اوزار کو ہاتھوں سے جوڑ کر بنایا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں رولس رائس کمپنی کے اصل ماہرین نے محنت کی ہے اور ایک ماڈل کی تیاری میں 450 گھنٹے لگتے ہیں۔ اس کے اندر انتہائی چھوٹا ٹربو چارج انجن بھی ہے اور اسپیڈومیٹر سے لے کر روشنیاں بھی ویسی ہی لگائی گئی ہیں۔


ماڈل کی ڈیزائننگ میں حقیقی طور کار ماڈل کی نقل کی گئی ہے۔ اس کا بیرونی ڈیزائن تو بہت متاثر کن ہے ہی لیکن ساتھ ساتھ کار کی سیٹوں پر کی گئی سلائی بھی ہوبہو بڑے ماڈل کی طرح ہے۔ مختلف رنگوں میں دستیاب منی ایچر رولس رائس کی لمبائی 26 سینٹی میٹر، چوڑائی 10 سینٹی میٹر اور اونچائی 9 سینٹی میٹر ہے۔ اس قیمتی تحفے کے لیے ایک میٹر لمبا خاص ڈبہ بنایا گیا ہے جس میں ماڈل کو اہتمام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے پاس موجود رولس رائس کا ماڈل بنایا جائے تو اپنی اصل کار کا ویسا ہی چھوٹا ماڈل بھی آرڈر پر بنوایا جاسکتا ہے۔