عالمی ادارہ صحت نے ماسک سے متعلق اپنی رہنما ہدایات تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب مقامات پر سماجی فاصلہ ممکن نہ ہو وہاں لوگوں کو ماسک پہننے چاہئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹرجنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے پریس بریفنگ میں کہا کہ دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ جیسے عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہ ہو وہاں لوگوں کو ماسک پہننے کی ضرورت ہے، کیونکہ ماسک جراثیم کے ذروں سے لوگوں کو بچا سکتا ہے۔
ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا تھا کہ 60برس سےزائدعمر کے بزرگ افراد اور بیمار لوگ میڈیکل ماسک ضرور پہنیں، تاہم صرف ماسک پہننے سےکوروناوائرس سے بچا نہیں جاسکتا، بلکہ سماجی فاصلہ رکھنے،ہاتھ دھونے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد بھی یقینی بنایاجائے۔
عالمی ادارہ صحت کی ماہر انفیکشن کنٹرول اپریل بیلر نے کہا کہ سرجیکل ماسک کی بجائے گھریلو ساختہ کپڑے کا ماسک پہننے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ماسک پہننے سے کورونا سے متاثرہ شخص کے جراثیم سے بچا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے یہ کہا تھا کہ صرف طبی عملے اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ماسک پہننے چاہئیں اور عام لوگوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔
پاکستان میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔