پشاور۔ٹریفک پولیس پشاور نے اوور لوڈ گاڑیوں کیخلاف خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان گاڑیوں کا شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کیلئے خصوصی ٹیمیں قائم کردی گئی ہیں اس ضمن میں گزشتہ روز ایس ایس پی ٹریفک وسیم خلیل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیکٹرز کے ٹریفک آفیسرز نے شرکت کی اجلاس کے دوران ٹریفک آفیسرز نے شہر بھر میں ٹریفک نظام سے متعلق چیف ٹریفک آفیسر کو بریفنگ دی
جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں اوور لوڈ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے وسیم احمد خلیل نے کہا کہ اوور لوڈ گاڑیوں سے سڑک کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ اس سے ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں جس کے پیش نظر اس کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے سمیت کورونا وائرس سے بچنے کیلئے اپنا آگاہی مہم جاری رکھے تاکہ اس خطرناک اور جان لیوا وبا پر قابو پایا جا سکے۔