پٹرول کی عدم فراہمی کا نوٹس ٗپی ایس او کو سپلائی بڑھادی گئی

 پشاور۔وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کو صوبے میں عوام کو بلا تعطل پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں اس سلسلے میں وفاقی وزات توانائی اور پٹرولیم مصنوعات کی جانب سے  چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے نام ارسال کئے گئے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی کمی ہے اور عوام کوپٹرولیم مصنوعات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اس سلسلے میں اوگرا نے آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پہلے ہی احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ ملک میں تیل کی دستیابی کو یقینی بنائیں وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت وافر مقدار میں پٹرولیم مصنوعات موجود ہیں جبکہ ماہانہ ضروریا ت پوری کرنے کیلئے مذید پٹرولیم درآمد کی جارہی ہے 

مراسلے کے مطابق اس وقت ملک میں 2لاکھ 75ہزار پانچ سو میٹرک ٹن پٹرول جو بارہ روز تک ملکی ضروریا ت پوری کرنے کیلئے جبکہ 3لاکھ 76ہزار میٹرک ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل جو کہ 17دن کیلئے ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہیں تاہم بعض پٹرول ڈیلرز اور آئل کمپنیوں کی جانب سے ناجائز منافع خوری کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے جس سے عوام میں خو ف وہراس پھیل گیا ہے اگرچہ اس سلسلے میں پی ایس او کو سپلائی بڑھادی گئی ہے تاکہ مارکیٹ میں اس مصنوعی قلت پر قابو پایاجاسکے تاہم اس مقصد کے لئے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرزکو احکامات جاری کئے جا ئیں کہ تمام پٹرول پمپوں کو ان کی نگرانی میں پٹرولیم مصنوعات فراہم کی جائیں تاکہ مصنوعی بحران پر قابو پایا جا سکے۔