پشاور۔ صوبائی حکومت نے کورونا وبا سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت بند کئے گئے تمام سرکاری دفاتر کھولنے اور رخصت پر بھیجے جانے والے عملہ کو ڈیوٹی پر بلانے فیصلہ کرتے ہوئے اس کا اختیار انتظامی سیکرٹریوں اور ڈویڑنل کمشنر ز کو دے دیا ہے تاہم پچاس سال سے زائد مرد و خواتین سرکاری ملازمین اور شوگر،گردے کی بیماریوں اور کورونا کے علامات رکھنے والے سرکاری ملازمین کو بدستور ڈیوٹی پرنہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ہے۔اجلاس میں انتظامی سیکرٹریوں اور ڈویڑنل کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت صوبائی اور ڈویڑنل سطح پر بند کئے جانے والے سرکاری دفاتر کو دوبارہ کھولنے اور رخصت پر بھیجے جانیوالے غیرضروری سرکاری عملے کی واپسی کے حوالے سے تفصیلی غور کیاگیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری دفاتر کھولنے اور عملے کو واپس ڈیوٹی پر بلانا انتظامی سیکرٹریوں اور ڈویڑنل کمشنرز کا صوابدید پر رکھ دیا گیا ہے کہ جب چاہے اپنے اپنے دفاترکو کھول دے تاہم جب رخصت پر بھیجے جانیوالے سرکاری عملے کو واپس ڈیوٹی پر بلائیں تو یہ بات ضرور ذہن میں رکھیں کہ پچاس سال سے زائد سرکاری ملازمین مرد و خواتین اور ایسے ملازمین جو گردوں،شوگر وغیرہ یا جن میں کورونا وبا جیسی بیماری کی علامات موجود ہوں انہیں نہیں بلانا ہے۔