کورونا وبا کے باعث پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر کودھچکا لگا، اسد مجید خان

 امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر کودھچکا لگا۔

امریکا میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے نیس ڈیک ) ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی معیشت پرقرضوں کے بوجھ کے حوالے سے گفتگو کی اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان میں کیے گئے معاشی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اسد مجید خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان کی معاشی ترقی کے سفر کودھچکا لگا۔ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ضرورت مند افراد کی مالی امداد کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کی 1.4 بلین ڈالرز کی امدادسے بھی فائدہ اٹھایا جب کہ پاکستانG-20 ممالک سے بھی قرض کی واپسی میں نرمی کے لیے سہولت حاصل کرے گا۔ اس کے علاوہ ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کی اس غیر معمولی صورتحال میں مدد کی ہے۔

اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے پاکستان کو 10 ترجیحی ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ پاکستان کو 21 ملین ڈالرز کی امداد فراہم کرے گا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی بالخصوص پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم (اے پی پی این اے) موجودہ صورتحال میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔