اپنے پرانے سر کو ٹوپی بنا کر سجانے والی سنڈی

 قدرت کے کارخانے میں کئی طرح کے عجیب و غریب جاندار پائے جاتے ہیں لیکن بہت سی ٹوپیوں والی سُنڈی (کیٹرپِلر) حال ہی میں دریافت ہوئی ہے۔ یہ سنڈی ایک قسم کے پتنگے سے تعلق رکھتی ہے اور سانپ کی کینچلی کی طرح سر کی جلد اتارتی رہتی ہے لیکن یہ اسے پھینکنے کی بجائے اپنے سر پر سجاتی رہتی ہے جو آخر میں جوکر کی لمبی ٹوپی کی طرح دکھائی دیتی ہے۔

یہ کیڑا ایک خاص پتنگے Uraba lugens سے تعلق رکھتا ہے جو اپنے سر پر اگنے والی کھال کی باقیات (ایکسواسکیلیٹن) کو جمع کرکے رکھتا ہے یہاں تک کہ ایک کے اوپر ایک کئی سر نما ابھار اگ آتے ہیں۔ تصویر میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ سب سے چھوٹی ٹوپی سب سے اوپر ہے جو جانور کے نشوونما کو ظاہر کرتی ہے۔

 

اسے ماہرین نے کیٹرپِلر کی بجائے ہیٹرپِلر کا نام دیا ہےیعنی بہت سارے ہیٹ والا کیٹرپلر۔ یہ کیڑا عام طور پر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں پایا جاتا ہے۔ اس کی ایک خاص عادت یہ بھی ہے کہ یہ کیڑا یوکلپٹس کے پتوں کو ان کی نسیجوں تک چبا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ 13 مرتبہ اپنے سر کو بدلتا ہے اور انہیں سر پر چپکا کر لمبا کرتا رہتا ہے۔ اس کا اہم مقصد یہ ہے کہ کئی سوکھے سروں کا مینار اسے دشمن کا نوالہ بننے سے بچاتا ہے۔

چمکاڈریں اور دیگر چھوٹے جاندار اس کیڑے کو شوق سے کھاتے ہیں لیکن یہ عجیب و غریب لمبی ٹوپی اسے محفوظ رکھتی ہیں۔