کراچی: معروف اداکارہ ہانیہ کا کہنا ہے کہ گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ دوستی کے علاوہ اور کوئی تعلق نہیں ہے۔
شوبز انڈسٹری میں بہت سے چہرے ایسے بھی ہیں جوکہ جوڑی کے طور پر ہی نظر آتے ہیں ان میں سے ایک جوڑی گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کی بھی ہے۔ کوئی ڈرامہ ہو، فیشن شو ہو یا پھر کسی گانے کی ویڈیو۔ یہ جوڑی ہمیشہ نظر آتی ہے۔ اور توجہ کا مرکز بنی رہتی تھی۔ یہاں تک کہ حال ہی میں عاصم اظہر کا ریلیز ہونے والا گیت ’ تم تم‘ میں بھی ہانیہ عامر مختصر سے سین میں نظر آئی ہیں۔
ہر جگہ ساتھ رہنے والی اس جوڑی نے کبھی بھی اپنے تعلق سے متعلق کھل کر بات نہیں کی لیکن اس کے باوجود ان دونوں کو ایک بہترین جوڑی کے طور پر دیکھا جاتا تھا تاہم اب ہانیہ نے عاصم کو صرف ایک دوست قرار دیدیا ہے ۔
گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران ہانیہ عامر نے عاصم اظہر سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ اب ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم دونوں نے ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی ہیں، اب ہم صرف دوست ہیں اور جہاں تک تعلقات کی بات ہے تو دوستی کے علاوہ ہمارا کوئی رشتہ نہیں ہے۔
ہانیہ عامر کے بیان کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک بھونچال سے آگیا ہے۔ فیس بک ہو یا انسٹا گرام ہر جانب صرف ان دونوں شخصیات کی بات کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہانیہ اور عاصم اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔