اداکارہ سارہ خان نے گزشتہ روز اچانک اپنی منگنی کی خبر شیئر کرکے اپنے چاہنے والوں کو حیران کردیا ان کی منگنی اور مہندی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
اداکارہ سارہ خان نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں ان کے ہاتھ میں منگنی کی انگوٹھی نمایاں تھی اور تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا تھا ’’ میں نے ہاں کردی۔‘‘
سارہ خان کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور دیگر شوبز شخصیات سمیت ان کے چاہنے والوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اداکارہ سارہ خان نے پاکستان کے معروف گلوکار فلک شبیر کے ساتھ منگنی کی ہے۔ فلک شبیر نے بھی گزشتہ روز اپنی اور سارہ کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ سارہ خان کو شادی کے لیے پرپوز کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سارہ خان کی پوسٹ کے بعد ان کی منگنی کی تقریب کی مزید ویڈیوز بھی بڑی تعداد میں شیئر ہورہی ہیں۔
جب کہ اسی کے ساتھ سارہ خان اورفلک شبیر کی مہندی اور مایوں کی تقریب کی ویڈیوز بھی شیئر کی جارہی ہیں جس میں دونوں اپنی زندگی کے ان خوبصورت اور حسین لمحات کو انجوائے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق سارہ خان اور فلک شبیر آج شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ سارہ خان اور اداکار آغا علی کچھ عرصے پہلے تک نہ صرف ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے بلکہ دونوں کی شادی کی خبریں بھی گردش کرنے لگی تھیں لیکن پھر اچانک دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔ جس کے بعد آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف کے ساتھ شادی کرلی تھی۔