اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کی شادی شدہ زندگی کے لیے سارہ خان کے سابق دوست آغا علی نے دعائیں دینے کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ڈراما سیریل ’’ثبات‘‘میں میرال کے کردار سے لوگوں کے ذہنوں پر اپنی چھاپ چھوڑنے والی اداکارہ سارہ خان اور پاکستان کے معروف گلوکار فلک شبیر دو روز قبل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
دونوں کو جہاں شوبز شخصیات سمیت ان کے چاہنے والوں نے مبارکباد دی ہے وہیں سارہ خان کے سابق دوست اداکار آغا علی نے بھی سارہ اور فلک کی شادی شدہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
آغا علی نے انسٹاگرام سٹوری پر سارہ اور فلک کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’’دعا ہے کہ اللہ پاک بہت خوشیاں دیں اور آپ دونوں ایک اچھی زندگی گزاریں آمین۔‘‘
یاد رہے کہ فلک شبیر سے قبل آغا علی اور سارہ خان میں نزدیکیاں تھیں یہاں تک کہ دونوں کی شادی کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں۔ دونوں کی جو ڑی کو شوبز انڈسٹری کی خوبصورت جوڑی قرار دیا جاتا تھا۔ 2019 میں سارہ خان نے ایک انٹرویو کے دوران آغا علی سے محبت کا اعتراف بھی کیا تھا۔ لیکن پھر اچانک آغا علی اور سارہ خان نے راہیں جدا کرلیں۔
دونوں کے الگ ہونے کی خبروں نے ان کے مداحوں کو بہت مایوس کردیا تھا۔ بعد ازاں آغا علی نے رمضان المبارک میں اداکارہ حنا الطاف سے شادی کرلی اور اب سارہ خان بھی گلوکار فلک شبیر کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔