اہلیہ کو بچانے کیلئے بہادر شوہر شارک سے لڑ پڑا، مکوں کی بارش کردی

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں 'شیلی بیچ' پر ایک شخص نے اہلیہ کو شارک کے حملے سے بچانے کے لیے اس پر چھلانگ لگا دی اور شارک کو اس وقت تک مکے مارتا رہا جب تک کہ اس کی بیوی کی دائیں ٹانگ کو شارک نے چھوڑ نہیں دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے شمال میں 400 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع 'شیلی بیچ' پر ہفتے کے روز 35 سالہ شینٹیل ڈوئیل پر دس فٹ بڑی شارک نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ سرفنگ کر رہی تھیں۔
 
مقامی میڈیا کے مطابق شارک مچھلی کے حملے سے شینٹیل کی دائیں ٹانگ پر شدید زخم آئے ہیں۔

آسٹریلوی اخبار 'دی ہیرلڈ'  سے گفتگو کرتے ہوئے  کے خاوند کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ان کی اہلیہ کو وہاں موجود لوگوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ابتدائی طبی امداد دی۔ جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔  جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔

حادثے سے متعلق ریسکیو ادارے 'این ایس ڈبلیو' کے چیف ایگزیکٹو اسٹیون پیرس کا کہنا تھا کہ شینٹیل  کے شوہر نے اپنی اہلیہ کو شارک سے چھڑانے کے لیے اپنی سرف بورڈ سے شارک پر چھلانگ لگائی۔ جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کو ساحل تک لانے میں کامیاب ہوئے۔

این ایس ڈبلیو کے بیان میں مزید کہا گیا ہے  کہ واقعے کے بعد میکوری پورٹ پر واقع بیچز بند کر دیے گئے ہیں۔ جب کہ ڈوئیل پر حملہ کرنے والی شارک کی نشاندہی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال آسٹریلیا کے سمندروں میں سیاحوں پر پانچ بار شارکس جان لیوا حملے کر چکی ہیں۔