سعودی عرب:وادی نجران کے سیاحتی مقام کی صفائی کرتی بچی کی وڈیو وائرل

سعودی عرب کی وادی نجران کے سیاحتی مقام پر کمسن بچی کی صفائی کرتے ہوئے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔سعودی اخبار کے مطابق وادی نجران میں سیاحتی مقام کی صفائی کرتے ہوئے معصوم بچی کی وڈیو نے سیاحت کے لیے آنے والوں کو صفائی کا عملی درس دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو پر تبصرے کرنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں بڑا غلط رواج ہے کہ بہت سارے لوگ سمندر کے کنارے یا کسی دریا کے کنارے یا کسی پارک میں جاتے ہیں اور کچرا وہیں پھینک کر چلے جاتے ہیں، بعض لوگ باربی کیو بھی کرتے ہیں اور جلتے ہوئے کوئلے یونہی چھوڑ کر چلتے بنتے ہیں، مشروبات کی بوتلیں، ڈبے یا سینڈوچ کے ٹکڑے یونہی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، یہ ہمارے مذہب، آباو اجداد کی روایت اور انسانی تہذیب کے سراسر منافی ہے۔

اکثر صارفین نے بچی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ سب لوگ ننھی بچی سے سبق لیں اور سیاحتی مقامات پر صفائی کا خیال رکھیں۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے حکومت صفائی کا خیال رکھنے پر زور دے رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اسی وقت موثر ہوں گی جب اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھا جائے گا۔