ملک میں تھری، فور جی صارفین کی تعداد 8 کروڑ 48 لاکھ تک پہنچ گئی

اسلام آباد: ملک میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 8 کروڑ 48 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 کے اختتام تک ملک بھر میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 8 کروڑ 27 لاکھ 60 ہزار سے زائد ریکارڈ تھی تاہم اگست 2020 کے اختتام پر تھری اور فور جی صارفین کی تعداد میں 20 لاکھ 50 ہزار کا نمایاں اضافہ ہوا، اس طرح ملک میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 8 کروڑ 48 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 کے مقابلے میں اگست 2020 کے دوران ساڑھے 9 لاکھ موبائل فون صارفین کا اضافہ ہوا، جولائی 2020 کے اختتام پر موبائل فون صارفین کی تعداد 16 کروڑ 80 لاکھ سے زائد تھی جو اگست 2020 کے اختتام پر 168.97 ملین تک بڑھ گئی ہے۔

 

پی ٹی اے کے مطابق جولائی 2020 میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروس (این جی ایم ایس) کی شرح 39.25 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اگست 2020 کے اختتام پر این جی ایم ایس کی شرح 40.95 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔