کراچی:ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ ملک میں سونے کی قیمت بھی کم ہو ئی ہے۔
ادھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو منفی دن رہا اور کاروباری دن میں سرمایہ کاروں کو 110 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100انڈیکس 632پوائنٹس کم ہوکر 40ہزار 564پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100انڈیکس 715پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ شیئرز بازارمیں 400کمپنیوں کے 32کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 11 ارب 31کروڑ روپے سے زائد رہی۔
کاروباری دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 110ارب روپے کم ہوکر 7464 ارب روپے ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 16پیسے کم ہوئی ہے۔
انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 158روپے 33پیسے رہی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 5پیسے کم ہوکر 158روپے 20پیسے ہے۔ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید 200 روپے کم ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 200روپے کمی کے بعد ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 11 ہزار 800 روپے ہوگئی ہے۔
10 گرام سونے کی قدر 172 روپے کم ہوکر 95 ہزار 850 روپے ہوگئی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 2 ڈالر کمی کے بعد 1872 ڈالر فی اونس ہے۔