ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری، مہنگائی میں معمولی کمی

  اسلام آ باد: ملک بھر میں رواں ماہ کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی میں کمی کا سلسلہ جاری رہا۔

 وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، آٹا اور لہسن سمیت 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.07 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 4.06 روپے فی کلو، لہسن 2 روپے 38 پیسے، پیاز فی کلو 46 پیسے، گندم کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے 69 پیسے جب کہ مونگ کی دال 3 روپے 31 پیسے سستی ہوئی ہے۔ 

دوسری جانب اعداو شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 56 پیسے، چکن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے 47 پیسے، انڈے 41 پیسے فی درجن جب کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 57 پیسے اضافہ ہوا ہے۔