لاہور: چینی کی قیمت آئندہ چند روز میں کم ہوکر 85روپے کلو ہونے کا امکان ہے۔
پنجاب کی 6 شوگر ملز نے کرشنگ شروع کرنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں چینی کی فروخت شروع کردی ہے جب کہ شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق آئندہ ایک ہفتے میں مقامی (موٹی) چینی کی قیمت کم ہو کر 85 رو پے کلو ہو جائے گی۔
گزشتہ روز تک پنجاب میں جہانگیر ترین کی ملکیتی 3 ملز (جے ڈی ڈبلیو گروپ) سمیت اتحاد شوگر مل، انڈس شوگر مل اور حمزہ شوگر مل نے نئے گنے کی کرشنگ سے تیار ہونے والی چینی مارکیٹ میں سپلائی کرنا شروع کردی۔
جہانگیر ترین کی ملز تیار کردہ سو فیصد چینی مارکیٹ میں سپلائی کر رہی ہیں۔ تاہم دیگر ملز50فیصد تک چینی مارکیٹ میں سپلائی کر رہی ہیں۔
آئندہ چند روز میں مزید ملز کی چینی کی آمد شروع ہونے سے نہ صرف چینی کی دستیابی معمول پر آئے گی بلکہ اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آجائے گی۔
علاوہ ازیں 26 ہزار ٹن چینی لیکر آنے والا چوتھا بحری جہاز آئندہ چند روز میں کراچی بندرگاہ پہنچ جائے گا۔ پنجاب حکومت مزید چینی لینے سے معذرت کرنے بارے وفاق کو آگاہ کر چکی ہے۔ تاہم گزشتہ رات گئے تک حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا کہ چوتھے جہاز کی چینی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اٹھائے گی یا پنجاب اپنے پاس رکھے گا۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن چوتھے جہاز کی چینی لینے پر آمادہ اور حکومتی منظوری کی منتظر ہے۔بعض حکومتی اور تجارتی حلقوں کی جانب سے کین کمشنر پنجاب پر اعتراض کیا جارہا ہے کہ انہوں نے ڈیلرز کے ساتھ تحریری معاہدہ اور ضمانتی چیک لئے بغیر اربوں روپے کی چینی انہیں فراہم کرنا شروع کر رکھی ہے جو کہ قواعدو ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے اوراگر کوئی خوردبرد ہوتی ہے تو یہ ایک بڑا نیب کیس بن سکتا ہے۔