ایس ای سی پی کی جانب سے ملک کے پہلے 'پیر ٹو پیر' قرضوں کے پلیٹ فارم کی منظوری

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نےملک کے پہلے  'پیر ٹو پیر' قرضوں کے پلیٹ فارم کے آغاز کے لیے منظوری دے دی ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں فنانشل ٹیکنالوجی کی حمایت اور فروغ دینا ہے۔

'پیر ٹو پیر' قرضے یعنی افراد کی جانب سے کسی کاروبار کو قرض کی فراہمی ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں قرض اور سرمایہ حاصل کرنے والے کاروباری اداروں اور انفرادی سرمایہ کاروں اور قرض دہندگان کا ایک دوسرے سے رابطہ ہوتا ہے۔

اس پلیٹ فارم سے سرمایہ کار قلیل مدتی قرض دیتے ہیں جبکہ کاروباری افراد سہل طریقے سے سرمائے کی ضرورت کو پورا کرسکتے ہیں۔

اس طریقے سے چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو فروغ دیا جاسکتا ہے جبکہ روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ریگولیٹری سینڈ باکس میں تجرباتی مرحلے کے دوران، پیر ٹو پیر قرضوں کا یہ پلیٹ فارم متعین شدہ پیرامیٹرز کے اندر کام کرے گا اور شرائط و ضوابط سے مشروط ہوگا۔

اس پلیٹ فارم پر قرض دہندہ  اورادھار لینے والے کے لیے اہلیت کے مخصوص معیارات کا اطلاق ہوگا۔

یہ شرائط و ضوابط  کسی بھی مالیاتی رسک کو کم کرنے میں معاون ہوں گی۔

ایس ای سی پی کے ریگولیٹری سینڈ باکس میں نئی جدید مالیاتی پراڈکٹ کو ایڈجسٹ کرنے کا فریم ورک موجود ہے اور نئی ٹیکنالوجیز اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

سینڈ بکس میں فنانشل ٹیکنالوجیز کمپنیاں محدود، بہتر وضاحت شدہ دائر کار میں رہ کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے ہوئے اپنی پراڈکٹ کی جانچ کرسکتی ہیں۔