جنیوا: عالمی ادارہ صحت کی سائنس دان ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں اجتماعی سطح پر کورونا کے خلاف مدافعت کا پیدا ہونا 2021 کے آخر تک امکان نہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے چیف سائنس دان ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے انٹرویو میں کورونا وائرس اور اس کے عالمی سطح پر اثرات کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔
ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن کا آغاز خوش آئند ہے تاہم یہ مہلک وبا کے خلاف جنگ کے اختتام کی ابتدا ہے۔
ابھی ویکسین کو عالمی آبادی کے بڑے حصے کو لگنا باقی ہے اس لیے دنیا کو آئندہ 6 ماہ تک محتاط رہنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں سائنس دان کا کہنا تھا کہ آبادی کی سطح پر کورونا کے خلاف مدافعت پیدا ہونے کا امکان 2021 کے آخر تک ہے تاہم اس سے قبل ہمیں بہت احتیاط سے کام لینا ہوگا۔
سائنس دان ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے کورونا کی نئی قسم کی دریافت پر کہا کہ ابھی چند مہینے نہایت خوفناک ہوسکتے ہیں لیکن ویکسین سے روشنی کی ایک کرن ضرور نظر آئی ہے اور حالات بہتر ہونے کی امید ہے تاہم اس میں سال سے زیادہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔