کورونا وائرس کی نئی قسم پاکستان بھی پہنچ گئی

 پاکستان میں بھی برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آگئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ برطانیہ سے واپس آنے والے 12 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 6 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور ان 6 میں سے 3 افراد میں کورونا کی نئی قسم پائی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق جن افراد میں نئے وائرس کی تصدیق ہوئی ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں جب کہ متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ان تمام متاثرہ افراد کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق باقی جن تین افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی وہ کورونا کی پرانی قسم ہے۔