کورونا وائرس: مزید1895کیسز رپورٹ، 39 افراد جاں بحق

کورونا کے مزید ایک ہزار 895 کیسز رپورٹ ہونے سے ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 139 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 895 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں  کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 722 ہوگئی ہے۔ جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 39 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک ہزار 797 مریض صحت یاب ہونے کے بعد ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 42 ہزار 457 ہوگئی ہے۔