موسم سرما میں گلے کی تکلیف سے بچنے کا آسان نسخہ

موسم سرما میں گلے کی تکالیف اور نزلہ زکام عام بات ہے خصوصاً اگر آپ کی رہائش آلودہ شہروں میں ہو تو اس موسم میں گلے کی تکالیف بڑھ کر خطرناک ہوسکتی ہیں۔


رواں برس کا موسم سرما یوں بھی کرونا وائرس کی وجہ سے سخت احتیاط کا متقاضی ہے، ایسے میں صحت کا خیال رکھنا اور تمام احتیاطی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہیں۔

ماہرین کے مطابق وہ افراد جنہیں پورا سال ہی گلے کی تکلیف کی شکایت رہتی ہے، موسم سرما ان کے لیے نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔ ایسے افراد کے گلے کے غدود یعنی تھائیرائڈز بہت حساس ہوتے ہیں اور ذرا سی ٹھنڈی یا کھٹی چیز کھانے پر فوراً گلے میں تکلیف شروع ہوجاتی ہے۔

تاہم اس مشکل کو نہایت آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے، ناریل کے تیل کے باقاعدہ استعمال سے آپ گلے کی خرابی سے نجات پاسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ناریل کا تیل گلے کی تکالیف کو مندمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ناریل کے تیل کا صرف ایک یہی فائدہ نہیں ہے، ماہرین کے مطابق اس کا ایک اور فائدہ قوت مدافعت میں اضافہ کرنا اور میٹا بولزم کو بہتر بنانا بھی ہے۔

ناریل کا تیل جسم میں موجود غذائی اجزا کو توڑ کر ان سے توانائی حاصل کرنے کے عمل کو تیزی سے انجام دیتا ہے جس کے باعث وزن میں کمی ہوتی ہے، ناریل کے تیل میں موجود چکنائی انسانی جسم کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اپنے کھانوں میں باقاعدگی سے ناریل کے تیل کے 3 چمچے ملانے سے ہم اس کے تمام فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔