پشاور: پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر زنگلی میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے 3کمسن بھائی جاں بحق جبکہ ایک بھائی ہمسائے سمیت شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کی طبی امدادی کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر ڈویژن بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ بی ڈی یوکو طلب کرکے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔
دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ دور دور تک آواز سنی گئی ایک ہی گھر سے تین جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ بڈھ بیر کی حدود کوہاٹ روڈ زنگلی میں ہنرشاہ نامی شخص کے بچے قریبی کھیتوں سے ملنے والے ہینڈ گرینڈ کیساتھ کھیلتے رہے تھے کہ اس دوران وہ زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں 16سالہ نور السلام ٗ 4سالہ محب اورشعیب پسران ہنر شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
دھماکے سے14سالہ لطیف اورشاہد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک بچے کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
جاں بحق بچوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں واقعے کے بعد ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد، ڈی ایس پی ریاض خلیل، ایس ایچ او اعجاز اللہ، تفتیشی افسران اور بی ڈی ایس ٹیم موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
بڈھ بیر پولیس نے ہینڈ گرینڈ دھماکہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپور ٹ تیار کرلی جبکہ اب تک ہونیوالی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
ہنر خان دوبئی میں محنت مزدوری کرتا ہے جبکہ اس نے دو شادیاں کررکھی ہیں۔
ہینڈ گرینڈ دھماکہ میں پہلی بیوی کے 2 جبکہ دوسری بیوی کا ایک بیٹا جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جبکہ مختلف زاؤیوں پر تفتیش جاری ہے دوسر ی جانب دھماکہ کے بعد علاقہ میں شدید خوف ہراس پایاجارہاہے۔