خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا سے 7 خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کر کے پنجاب میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔
انٹیلی جنس اداروں کی کامیابی سے پنجاب بڑی دہشتگردی سےبچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ آپریشن کر کے سرگودھا سے 7خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کا نیٹ ورک پڑوسی ملک کی ایجنسی کی ایما پر دہشتگردی کرنا چاہتا تھا، دہشتگردوں کا نیٹ ورک پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کرانا چاہتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے مخالف فرقے کی اہم شخصیات کو نشانہ بناناتھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے ملک کے معاشی و اقتصادی حب کراچی میں دہشتگردی کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا۔
مراسلہ کے مطابق غیر ملکی ایجنسیاں کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور شہر کے اہم سرکاری دفتر یا عمارت کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔