اسلام آباد:انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سوشل میڈیا پرتوہین رسالت و توہین مذہب کے تین ملزمان کوسزائے موت کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں یہ مقدمہ گزشتہ 4 سال سے زیر سماعت تھا جس پر عدالت نے ٹرائل مکمل کرکے 15 دسمبر 2020 کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کیس کا فیصلہ آج جمعہ کو ملزمان کی موجودگی میں سنادیا۔
عدالت نے سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے تین ملزمان ناصراحمد سلطان، رانا نعمان اورعبد الوحید کو سزائے موت سنا دی جب کہ ایک ملزم پروفیسرانواراحمد کو توہین مذہب پردس سال قید ایک لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ چاراشتہاری ملزمان کے دائمی وارنٹس گرفتاری بھی جاری کردیئے گئے۔
عدالت نے اپنے جاری کردہ فیصلے میں کہا کہ ملزمان پرتوہین رسالت اور توہین مذہب کا الزام ثابت ہو گیا ہے۔