اسلام آباد:پاکستان میں کورونا ویکسین کی درآمد جنوری کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق جنوری کے آخری ہفتے سے کورونا ویکسین کی پاکستان درآمد شروع ہونے کی توقع ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں پاکستان کا پہلا کووڈ ویکسین سنٹر بھی قائم کر دیا گیا جہاں ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی چلرز نصب کیے گئے ہیں۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر اسلام آباد زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین سنٹر میں ویکسی نیشن کی مشق بھی کی گئی۔یہاں وزارت صحت کے زیر انتظام سرکاری ہسپتالوں کے عملے کو ویکسین لگانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق این سی او سی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نادرا کے اشتراک سے ہیلپ لائن 1166 قائم کی گئی ہے، شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے اس ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کرانا ہو گی۔