کرک میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، سکیورٹی اہلکار شہید

کرک: کر ک میں نامعلوم افراد کی انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

 تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بنوں اورکرک کے سرحدی علاقے تخت نصرتی میں انسداد پولیو مہم جاری تھی کہ نامعلوم افراد ٹیم پرفائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

 فائرنگ کے نتیجے میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا۔

ڈی پی اوکرک کا کہنا ہے کہ شر پسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم محفوظ رہی ہے، شہید اہلکار کی میت قریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی نوعیت جاننے اورملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

  ملک کے مختلف علاقوں میں بالعموم اورخیبر پختونخوا میں بالخصوص انسداد پولیو کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی رضاکار اور پولیس اہلکار جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔