پاکستان نے چینی کمپنی کی کورونا ویکسین سائنو فام کو فائنل کر لیا

 اسلام آباد:پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کیلئے 3 لاکھ سے زیادہ ہیلتھ ورکرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ چینی کمپنی کی سائنوفام ویکسین کو فائنل کیا گیا ہے۔امید ہے فروری کے وسط یا مارچ کے شروع تک ویکسین آجائے گی۔

نوشین حامد نے کہا کہ ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی طرف جا رہے ہیں، پہلے ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ تین لاکھ سے زیادہ ہیلتھ ورکرز ویکسین کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، امید ہے ہیلتھ ورکرز کو اگلے ماہ سے ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی۔

پارلیمانی سیکڑٹری صحت نے کہا کہ این سی او سی نے ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ بنائی ہے، ویکسین لگانے کے لیے 3 لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ویب سائٹ پر اپنی رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ برطانیہ سے آنے والوں کے لیے فلائٹ سے پہلے اور بعد میں کورونا ٹیسٹ لازمی ہے، سپر کووڈ میں جو لوگ برطانیہ سے آگئے تھے ان کو ٹریس کر کے قرنظینہ کیا گیا، برطانیہ سے آنے والوں کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، ان کی سختی سے اسکروٹنی کی جا رہی ہے۔