وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کروڑں روپے کے فراڈ میں ملوث سافٹ ویئر کمپنی ڈیجیٹونکس کے مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹونکس نامی سافٹ وئیر کمپنی کے مفرور مالکان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق سافٹ وئیر کمپنی ڈیجیٹونکس نے ویب سائٹ ڈویلپنگ کی آڑ میں حاصل کردہ ذاتی معلومات کی مدد سے اپنے صارفین کو لوٹا، اور شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھ لیے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل کراچی نے 12 جنوری کو شاہراہ فیصل میں واقع بزنس ایونیو کے چھٹے فلور پر قائم سافٹ ویئر ہاؤس پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کمپنی کے دفتر سے ڈیٹا حاصل کرکے سی ای او سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے کمپنی مالکان کو مفرور قرار دے دیا ہے۔
ملزمان نے ہزاروں افراد سے ویب سائٹ ڈیویلپنگ کی مد میں بلیک میلنگ کے ذریعے کروڑوں روپے اینٹھے۔ ملزمان نے شہریوں کی ذاتی معلومات کے ذریعے ان کے کریڈٹ کارڈز سے بھی کروڑوں روپے اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔ ابتدائی طور پر ملزمان کے مختلف بینکس میں 12 اکاؤنٹس اور جائیدادیں سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ کمپنی کے مفرور مالکان جنید منصور اور حسن منصور روپوش ہیں۔