اسلام آباد: پاکستان نے چین کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی ادارے ڈریپ نے چینی کمپنی سائینو فارم کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے، سائینو فارم نے بذریعہ این آئی ایچ اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جس پر ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس 14سے 18جنوری تک جاری رہا۔
اجازت ملنے کے بعد اب چینی کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، سائینو فارم نے کورونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے اور یہ چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔
سائینو فارم کی کورونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فی صد ہے، پاکستان نے پہلے فیز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان سائینو فارم سے کورونا ویکسین کی 12لاکھ ڈوز خریدے گا۔