پشاور؛پشاور کے علاقہ رشید گڑھی مہمند آباد میں گیس لیکج دھماکہ میں زخمی ہونیوالی خاتون بچی سمیت جاں بحق ہوگئی جبکہ 4 بچوں کی حالت بدستور تشویشناک بتائی گئی ہے۔
گیس دھماکے میں جھلسنے والی دوشیزہ کی جمعرات کے روز رخصتی تھی تاہم حادثہ کے باعث شادی والا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق منگل کی صبح تقریبا ًساڑھے 6بجے کے قریب رشید گڑھی مہمند آبادمیں مہربان نامی شخص کے گھر میں گیس لیکج کے باعث زوردار دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجہ میں اس کی اہلیہ 40سالہ بس ہما،7بچے 10سالہ ریحان، 10سالہ عثمان، 8سالہ ابوبکر، 4سالہ شعیب، 15سالہ شمائلہ، 3سالہ ثناء اور2سالہ آصفہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئے تھے۔
بعد ازاں منگل اور بدھ کی درمیانی شب خاتون بس ہما اور اس کی 2سالہ بیٹی آصفہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ دیگر 4بچوں کی حالت بھی بدستور تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ آبائی علاقے میں ادا کردی گئی ہے۔
دوسری جانب مقامی لوگوں کا کہناتھاکہ زخمی ہونے والی شمائلہ کی آج رخصتی تھی۔