وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہےکہ پاکستان میں کورونا ویکسین مفت اور 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگے گی اور بچوں کو نہیں لگائی جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے دو ویکسین کی منظوری دی ہے، سائنو فارم کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہے،سائنوفارم کی افادیت 80 فیصد ہے جب کہ کین سینو کے 17 ہزار سے زائد ٹرائل پاکستان میں ہوئے ہیں،فروری کے آغاز میں نتائج سامنے آجائیں گے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ رواں سال کی پہلی سہہ ماہی میں ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوجائے گا، مارچ تک ویکسین کے 10 لاکھ ڈوزفراہم کرنے کے قابل ہوجائیں گے،کورونا ویکسن مفت میں لگائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین بالغ افراد کو لگے گی بچوں کونہیں، 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی، سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرزکو ویکسین لگائی جائے گی، فرنٹ لائن ورکرز کے بعد 65 سال سے زائد عمرکے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ابھی تک ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے ہی مؤثر ہے،حفاظتی ٹیکوں کی ٹیم مؤثر طور پر ویکسین کو محفوظ اور ویکسین پہنچانے میں ہماری مددکرے گی،اب تک 4 لاکھ سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کورونا ویکسین کے حصول کے لیے رجسٹر ہوئے ہیں۔