پشاور: پشاور کے تھانہ شاہ قبول کے علاقہ نمک منڈی میں واقع ہوٹل میں پولیس کانسٹیبل نے سپیشل برانچ اہلکار کو فائرنگ کرکے ابدی نیند سلا دیا، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاویوں پر تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ شاہ قبول کی حدود میں واقع مرحبا ہوٹل میں تنگ سیڑھیوں میں پہلے اترنے اور پہلے چڑھنے کے تنازعہ پر پولیس اہلکار اختیار حسین اور سپیشل برانچ کے اہلکار زیت اللہ کے مابین تکرار ہوئی۔
اس دوران کانسٹیبل اختیار حسین نے طیش میں آکر زیت اللہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول زیت اللہ شبقدر کا رہائشی تھا اور موجودہ وقت میں گلبہار میں مقیم تھا جبکہ ملزم کانسٹیبل اختیار حسین تھانہ پہاڑی پورہ میں تعینات تھا جس کی گرفتاری کیلئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔