ملک بھر میں گزشتہ ایک دن کے دوران کورونا سے 54 افراد جاں بحق جبکہ مزید 2 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 744 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 2 ہزار 363 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35ہزار293 ہوگئی ہے۔ جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 54 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار 157 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار 146 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار 696 ہوگئی ہے۔