مظفر آباد:آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواح میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پر برف باری کے بعد جمے کورے پر پھسلن کے باعث پیش آئے۔
پہلا حادثہ صبح سات بجے پیش آیا جب ایک ہائی ایس ویگن پھسلن کے باعث تولہ کے مقام پر سڑک سے دو سو گز نیچے ایک کھیت میں جا گری۔
دچھور فقیراں سے گڑھی ڈوپٹہ قصبہ میں آنے والی اس ہائی ایس میں ڈرائیور سمیت چھ افراد سوار تھے۔
حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور مراد عباسی، سائیں خان اور اقرا بی بی دختر شبیر عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رفیق عباسی، کبیر عباسی اور نثار عباسی زخمی ہوئے۔
پولیس اہلکار ظہیر احمد کے مطابق دوسرا حادثہ ایک جیپ کو موری موڑ نامی مقام پر صبح 9 بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ست پِہالی گاوں سے مرکزی شاہراہ پر واقع کرولی گاؤں آرہی تھی۔یہ حادثہ بھی کورے پر پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرا حادثہ پہلے حادثے سے زیادہ خوفناک تھا کیونکہ اس میں گاڑی پتھریلی ڈھلوان پر لڑھکتی ہوئی دو سو گز نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیوی سمیت تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں سکینہ بی بی، ان کا بیٹا احسان، غلام رسول، خالد اور عبداللہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور الطاف، محمد صدیق اور ان اہلیہ خطیم بی بی شامل ہیں۔