اسلام آباد: ائیرپورٹ پر2 ملزمان سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں داخل ہونے والے 2 افراد سے بڑی مقدار میں خودکار بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی معمول کے مطابق چیک پوسٹ پر چیکنگ کی جا رہی تھی کہ اس دوران ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔

ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے گاڑی میں سوار 2 افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ اپنی تحویل میں لے لیا۔

اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں برآمد ہونے والے اسلحے میں ایس ایم جی اور اس کی 57 گولیاں، 5 میگزین ،ایک شارٹ گن اور 6 کارتوس شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان کی شناخت حمزہ افتخار اور شفقت علی کے نام سے ہوئی ہے

ملزمان کا موقف ہے کہ گاڑی سے ملنے والا اسلحہ لائسنس یافتہ ہے تاہم ملزمان ابتدائی تحقیقات میں لائسنس پیش نہیں کرسکے۔