کورونا: ایک دن میں مزید 74 اموات،1500 نئے کیسز رپورٹ

 گزشتہ ایک دن کے دوران کورونا سے ملک بھر میں 74 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ مزید ایک ہزار 563 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  41 ہزار 285 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 563 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں  کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 820 ہوگئی ہے۔ جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 74 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 11 ہزار 450 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد  4لاکھ 92 ہزار 207 ہوگئی ہے۔