پشاور؛سنٹرل جیل پشاور کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشت گردی کے انسپکٹر شہید جبکہ گن مین زخمی ہوگیا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شب محکمہ انسداد دہشت گردی کے انسپکٹر خوشدل خان،جو کہ سنٹرل جیل کے ڈیوٹی انچارج تھے اپنے ذاتی گن مین افتخار کے ہمراہ جیل کے باہراپنی گاڑی میں موجود تھے کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجہ میں انسپکٹر خوشدل خان متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ گن مین افتخار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
رات گئے تک ملزمان کی شناخت بھی نہ ہوسکی۔