فیصل آباد: فیصل آباد میں نماز کے لیے نہ اٹھنے پر بیٹے کے ہاتھوں باپ کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے جائیداد کے تنازعہ پر باپ کو قتل کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے چشتہ ٹاؤن میں بیٹے نے اینٹ مار کر باپ کو قتل کیا اور بہانہ بنایا کہ باپ نے صبح نماز کے لیے اٹھنے سے انکار کیا تھا جب کہ پولیس نے واردات کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے بیٹے ملزم شہباز نے دورانِ تفتیش بتایا کہ اس نے جائیداد میں حصہ نہ ملنے پرباپ کو قتل کیا اور ابتدائی طور پر قتل کی وجہ باپ کا نماز کے لیے نہ اٹھنا بتائی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی درخواست پر تھانہ ڈی ٹائپ میں درج کیا گیا ہے۔جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ بیٹے نے نماز کے لیے نہ اٹھنے پر باپ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔