کوئٹہ:اوتھل کے قریب ٹریفک کے ایک اندوہناک حادثے میں 15 مسافر جاں بحق جب کہ 10 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع لسبیلہ کے علاقہ اوتھل کے قریب تیز رفتار کوچ الٹنے کے نتیجے میں 15 مسافر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے
جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین، 3 بچے اور 7 مرد شامل ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مسافر کوچ بلوچستان کے علاقے پنجگور سے کراچی جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث زیرا کے مقام پر الٹ گئی۔
پولیس، لیویز، ایدھی اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم مزید شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔