کراچی: نامعلوم افراد نے کارپرفائرنگ کرکے لڑکی سمیت 4 معروف ٹک ٹاکرکو قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے انکل سریا اسپتال کے سامنے نامعلوم افراد نے ہنڈا سٹی کار (نمبر AEN-548) پرفائرنگ کرکے لڑکی سمیت 4 معروف ٹک ٹاکرکو قتل کردیا۔
رپورٹس کے مطابق مقتولہ خاتون کی شناخت معروف ٹک ٹاکر32 سالہ مسکان شیخ کے نام سے کی گئی جو کہ واقعہ میں موقع پر ہی دم توڑگئ تھی۔ مقتولہ لانڈھی کی رہائشی تھی۔
قتل ہونے والے دیگر افراد کی شناخت ان کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ سے 29 سالہ صدام حسین ولد عبد اللہ جان غمگین ، 24 سالہ سید ریحان شاہ ولد سید نصیر حسین شاہ اور 25 سالہ عامر خان ولد آصف خان کے نام سے کی گئی۔
لڑکی کے علاوہ دیگر3 افراد صدام حسین، عامرخان اورسید ریحان شاہ واقعہ میں شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم اسپتال میں تینوں افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔
مقتول صدام حسین مکان نمبر KE-9516 بلاک ڈی محلہ گلشن غازی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اور مشہور ٹک ٹاکرز تھا۔
مقتول عامرخان مکان نمبر 45-1 محلہ بوری بنگلہ پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا جبکہ مقتول سید ریحان شاہ محلہ توحید نگر گلشن غازی کالونی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا ۔ مقتول صدام اور ریحان پولیس قومی رضا کار تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق مزکورہ چاروں افراد کار میں جا رہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے رکشے میں سوار افراد نے انکل سریا اسپتال کے قریب ہنڈا سٹی کارپرعقب سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون کو گولی لگی اور کار کے اسپتال کے گیٹ کے سامنے رکتے ہی مسلحہ ملزمان نے رکشا سے اترکرکارکو گھیرے میں لے کر اس میں سوار افراد کو نیچے اتار کر گولیاں مار دیں اوررکشا سمیت فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 9 خول حاصل کرکے فارنزک لیبارٹری بھیج دیے، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔