میرانشاہ جھڑپ، 2سکیورٹی اہلکار شہید، کمانڈر سمیت 4دہشتگرد مارے گئے

میرانشاہ:شمالی وزیرستان کی میرعلی تحصیل کے علاقہ شیراتلہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ دو سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ جھڑپ میں چار اہلکار زخمی بھی ہو ئے۔

 مقامی سرکاری ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات سیکورٹی فورسز نے میرعلی تحصیل کی حدود میں شیراتلہ بوبلی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا اس دوران سیکورٹی فورسز پردہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا جس میں دو سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوئے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار امین اور سپاہی شیر زمین جبکہ زخمی ہونے والوں میں نائب صوبیدار وحید، نائیک امجد، لانس نائیک شاہد اور لانس نائیک اکبر علی شامل ہیں۔

 ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جن میں کمانڈر امداد اللہ، رسول نواز، خیراللہ اور اسلام اللہ شامل ہیں۔

 ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ کمانڈر امداد اللہ حافظ گل بہادر گروپ کا اہم کمانڈر تھا جبکہ رسول نواز کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا۔ 

واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔