شیخو پوراہ اور کوٹ لکھپت میں ٹریفک حادثہ اور مکان کی چھت گرنے کے واقعات میں 9افراد جاں بحق جبکہ 10سے زائد زخمی ہوگئے ہیں
شیخوپورہ میں مزدا ٹرک اور ٹرالر کے درمیان تصادم میں 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ جانوروں سے بھرا مزدا ٹرک فیصل آباد سے منڈی مویشیاں غازی مینارہ شیخوپورہ کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں قصبہ فیروزوٹواں کے قریب ایک فیڈ بنانے والی فیکٹری کے سامنے ٹرالر سے ٹکرا کر الٹ گیا جس سے مداا میں سوار 22 سالہ محمد یاسر 45 سالہ اشرف 40 سالہ علی شیر اور 35 سالہ شاہد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
جبکہ 24 سالہ شہزادہ 25 سالہ بابر 27 سالہ خرم 38 سالہ باقر اور 20 سالہ وسیم وغیرہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فسٹ ایڈ دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی نعشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
کوٹ لکھپت میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملبے سے 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، فوری طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔