پشاور: پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے 8 اراکین کواتوار کو ہونے والے عوامی اجتماع سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور نے کووڈ 19 وبا اور سیکیورٹی خدشات کے باعث یکہ توت تھانے کی حدود میں 5 اور اس سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر دفعہ 144 کا نفاذ کیا، جہاں اجتماع ہونے جارہا تھا۔
پی ٹی ایم نے اپنے رہنما ارمان لونی کی دوسری برسی کے موقع پر سپیریئر سائنس کالج گراؤنڈ میں ایک جلسے کا ارادہ کر رکھا تھا۔
جمعہ کو ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس نے ضلعی انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دیں کیونکہ میدان کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ہے۔
علاوہ ازیں گرفتار کیے گئے 8 پی ٹی ایم کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی، جس میں یہ مؤقف اپنایا گیا کہ یہ لوگ عوامی اجتماع کے لیے تیار ی کر رہے تھے۔
گرفتار پی ٹی ایم کارکنان میں اسرار شفیع، مولا بہرام، زبیر شاہ، محمد ظہیر، غلام سرور، مشتاق وزیر، نواب خان اور عبداللہ شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے ملزموں سے پستول اور اس کے راؤنڈز برآمد کیے ہیں جبکہ ان کے خلاف دفعہ 188 اور اسلحہ قانون کی دفعہ 15 کے تحت درج کیا گیا ہے۔