کراچی، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر باڈی بلڈر چیمپئن کو قتل کردیا 

کراچی: کراچی میں دوران ڈکیتی ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے باڈی بلڈر چیمپئن کو قتل کردیا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کردی۔

 پولیس کے مطابق ڈکیتی کا واقعہ ہفتہ 6 فروری کی رات پیش آیا۔ مقتول باڈی بلڈر اسٹیٹ ایجنسی میں بیٹھا تھا کہ اس دوران ایک ڈاکو اندر داخل ہوا اور لوٹ مار شروع کردی۔

لوٹ مار میں مزاحمت پر فاروق رفیق نے ڈاکو کا سر بھی پھاڑ دیا تھا، تاہم ہاتھا پائی بڑھنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ سے جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ 

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد 6 تھی، جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

فاروق رفیق کراچی چیمپئن سمیت مسٹر سینٹرل بھی رہ چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مجرموں کو پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔