پشاور، پلاٹ تنازعہ پر 2بھائیوں سمیت 3افراد قتل، 2شدید زخمی

پشاور:تھانہ سربند کے علاقہ لنڈی اخون احمد میں قریبی رشتہ داروں کے مابین خونریز تصادم کے تنازعہ میں دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد قتل جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

 اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کردیاگیا۔

پولیس نے دوطرفہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز فریق اول عنایت اور فریق دوئم گل شاد کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں عنایت ٗ ضابطہ خان نگایت پسران نور علی جبکہ فریق دوئم سے گل شادشدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتا ل منتقل کیاگیا جہاں عنایت ٗ ضابطہ خان اور گلشاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

 پولیس کے مطابق مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور ایک ہی محلہ میں رہائش پذیر ہیں دونوں گروپوں کے مابین عرصہ دراز سے پلاٹ کا تنازعہ چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز فائرنگ کا تبادلہ ہوا پولیس نے فریق اول سے دولتہ بیوہ شفاعت اور فریق دوئم سے رخسانہ بی بی کی مدعیت میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

 سربند پولیس نے لنڈی اخون احمد میں تہرے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی ہے پولیس کے مطابق مقتولین کے محلہ میں کسی تیسرے شخص کا 10 سے 15 مرلے کا پلاٹ ہے جس میں ایک فریق اپنی بھینسیں باندھتا تھا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ اس پر دعویٰ کرلیا جس پر مخالف فریق کو رنج تھا اور وہ بھی اسی پلاٹ کے دعویدار تھے۔

 دونوں فریقین کے مابین کئی بار جرگے ہوئے لیکن اس کے باوجود کوئی بھی جرگے کے فیصلے کو ماننے کیلئے تیار نہیں تھا اورپھر اتوار کے روز فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔

 لنڈی اخون احمد میں تہرے قتل کی واردات کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ ایک ہی علاقے سے تین افراد کے جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا اور لواحقین دھاڑیں مار مار روتے ہیں اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔