کراچی: کراچی میں بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے گاڑیاں ضبط شروع کرنے کی تیاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بے نامی گاڑیوں کا ڈیٹا اکھٹا کرلیا ہے، تحقیقات میں ایک شخص کے نام پر 12 مہنگی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
مذکورہ بے نامی مہنگی گاڑیوں میں 2 مرسڈیز بینز، 2 پراڈو اور 2 بی ایم ڈبلیو، 1 کیڈیلک اور 5 کرولا گاڑیاں شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایف بی آر کے بے نامی زون کراچی نے 20 بے نامی گاڑیوں کے کیسز درج کیے تھے جس کے بعد بے نامی ایجوڈیکیٹنگ اتھارٹی نے بے نامی زون کراچی کے حق میں فیصلہ دے دیا۔
بے نامی گاڑیاں رکھنے والے افراد کے پاس 45 دن میں اپیل دائر کرنے کا موقع تھا تاہم بے نامی گاڑیوں کے کسی بھی مالک نے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی۔
اب بے نامی زون نے گاڑیاں ضبط شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے اور اس کے لیے نیشنل ہائی وے موٹر پولیس، اینٹی کار لفٹنگ سیل اور پولیس سے مدد طلب کرلی ہے۔
تحقیقات کے مطابق 20 بے نامی گاڑیوں کی قیمت 20 کروڑ روپے کے قریب ہے، بے نامی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے بعد ان کی نیلامی کر کے ریونیو وصول کیا جائے گا۔