لاہور:ایئرپورٹ پرکارروائی؛ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

لاہور:اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اندرون وبیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کارگو پردوران تلاشی مشتبہ پارسلوں سے کروڑوں کی منشیات برآمد کی گئی۔

ذرائع اے این ایف کے مطابق ہیروئن کو بڑی مہارت کے ساتھ بیلٹ اور لیڈیز کپڑوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔ پارسل محمد جمیل جو کہ سیالکوٹ کا رہائشی ہے، کے نام سے انگلینڈ میں عامر زبیر کے لئے بک کیا گیا تھا جبکہ دوسرا پارسل نازیہ پروین جو کہ گوجرانوالہ کی رہائشی ہے، کے نام سے لندن احمد کے نام سے بک کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک اور کاروائی لاہور کے علاقے شادباغ انڈر پاس رنگ روڈ پر ہوئی جبکہ تیسری کاروائی میانوالی کے علاقے ایم ایم روڈ پر ہرنولی موڑ کے قریب ہوئی۔ جہاں پر دوران تلاشی منشیات برآمد کی گئیں۔
برآمد ہونے والی منشیات میں تقریبا 98 .920 گرام ہیروئن 1.200 کلوگرام آیس(ice) اور 55 کلو گرام چرس شامل ہیں ملزمان بنام مومن جو کہ ساؤتھ وزیرستان کا رہائشی ہے اور عبدالرؤف جو کہ شاہ میرا لاہور کا رہائشی ہے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔