برطانیہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی 1کروڑ 70 لاکھ خوراکیں دے گا 

 

اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت کے ادارے کوویکس کے تحت برطانیہ پاکستان کو آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا جس کی پہلی کھیپ 7 اپریل کو ملنے کی توقع ہے۔ 

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے کورونا کو جلد سے جلد ختم کرنے کے لئے اقوام متحدہ کو 1.3 بلین ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے جب کہ پاکستان کو وبائی امراض سے لڑنے میں مدد کے لیے 20 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ترقی پذیر اور معاشی مسائل میں گھیرے ممالک کو کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کے لیے قائم کیے گئے ادارے ”کوویکس“ نے دنیا کے 121 ممالک میں ایک ارب لوگوں کو مفت کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان کو ”کوویکس“ کی جانب سے ساڑھے چار کروڑ افراد کے لیے کورونا ویکسین فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں جلد پاکستان کو برطانیہ سے آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کی جائیں گی جس کی پہلی کھیپ 7 اپریل متوقع ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے مزید بتایا کہ برطانیہ ڈبلیو ایچ او کے تحت عالمی مہم کیلئے 548 ملین پاو¿نڈ کی خطیر رقم فراہم کرے گا اور برطانیہ کی اسی بین الاقوامی معاونت سے لاکھوں پاکستانیوں کو کورونا سے بچاو¿ کی ویکسین لگائی جائیں گی۔