پشاور:کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سوات سے اغواء ہونیوالے خواجہ سراء کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
خواجہ سراء کو اغواء کرنیوالا پشاور پولیس اہلکار نکلا جس کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
اس ضمن میں ایس پی سٹی عتیق شاہ نے ڈی ایس پی سٹی ٹو رشید خان کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ روز سوات پولیس سے اطلاع ملی کہ پشاور کے رہائشی اسفندیار نامی پولیس اہلکار نے سوات سے اسلحہ کی نوک پر خواجہ سراء فہد کو اغواء کیا ہے۔
جس پر پشاور پولیس حرکت میں آگئی اور خواجہ سراء کی بازیابی و ملزم کی گرفتارف کیلئے ڈی ایس پی رشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او گلفت حسین شہید ہارون جدون پر مشتمل خصوصی ٹیم نے کاروائی کرکے خواجہ سراء فہد کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔
جبکہ ملزم موقع سے فرا رہوگیا پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ ان کیخلاف محکمانہ کاروائی کا بھی آغاز کردیاگیا ہے۔
ایس پی کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہے دیگر حقائق بھی بہت جلد منظر عام پر آجائیں گے۔
سوات سے اغواء و پشاورسے بازیاب ہونیوالے خواجہ سراء فہد نے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ وہ پولیس اہلکار اسفندیار کیساتھ دوستی نہیں کرنا چاہتا تھا جس پر اس کے ڈیرے پر حملہ کرکے اسے اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر اغواء کیاگیا۔
خواجہ سراء کے مطابق اسفندیار کیساتھ اس کی پہلے دوستی رہی ہے لیکن اب دوستی ختم کی تواسے رنج تھا جس پر اسے زبردستی اغواء کیاگیا۔
پشاور پولیس نے بازیاب ہونیوالے خواجہ سراء فہد کو سوات پولیس کے حوالے کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق چونکہ مغوی خواجہ سراء کی اغوائیگی سے متعلق سوات میں رپورٹ درج ہوئی ہے اس لئے قانونی کاروائی کے بعد اسے سوات پولیس کے ہی حوالے کیاجائیگا جس کیلئے لائحہ عمل طے کرلیاگیا ہے۔